زندگی میں کامیاب ہونےکے آسان گرُ (حصہ :7/4)



    ہم ہر وقت اور ہر جگہ اسی کوشش میں لگے رہتے ہیں کہ اپنے لیے آسانیا ں پیدا کریں ۔ اسی آسانی کے چکر میں کبھی کبھی بہت زیادہ مشکل میں پھنس جاتے لیکن تب تک پانی سر سے گزر چکا ہوتا ہے ۔ اور پھر ہماری کیفیت وہی ہوتی ہے کہ اب پچھتائے کیا ہوت جب چڑیاں چُگ گئیں کھیت۔ اپنے  کھیت اور کھیتی کو غلط ہاتھوں سے لٹنے سے بچانے کے لیے ہمیں ہر طرح کی ممکنہ منصوبہ بندی کرنی چاہیے ۔ زیر نظر  کوشش اسی مقصدکی ایک کڑی ہے ۔ ہماری تعلقات بھی کبھی کبھی ہمیں پریشانی میں مبتلا کر دیتے ہیں ۔کیوں کہ  دورانِ ملازمت  بھی اور گلی محلوں میں رہتے ہوئے بھی ہمارا واسطہ  ایسے لوگوں سے پڑتا رہتا ہے ۔ جو اپنی میٹھی زبان سے دوسروں کو بے وقوف بنانے میں ماہر ہوتے ہیں ۔ اس ضمن میں چند باتیں یاد رکھنے کے قابل ہیں ۔
1۔ کوئی آپ کے ساتھ ایک دفعہ اچھائی کرے تو کبھی بھی اُس سے زیادہ کی توقع نہ رکھیں ۔ لیکن اگر کوئی ایک دفعہ برائی کرے تو ہمیشہ اس کے سو گنا کی توقع کریں ۔
2۔ کوئی آپ کے ساتھ احسان کرے تو اُس کی بُرائی ڈریں کیوں کہ پرندہ ہمیشہ ایک دو دانے کھانے کے بعد پھنستا ہے۔
3۔ خود اچھے رہیں لیکن کسی اور پر اچھے ہونے کا گُمان کرکے خود کو پھنسانے کی غلطی کبھی بھی نہ کریں۔
4۔ بڑوں کی بات ہمیشہ نہایت احترام اور توجہ سے سُنیں  ۔ چاہے وہ عمر میں بڑےہوں یا عہدے میں ۔اور جواب دینے میں جلد بازی نہ دکھائیں ۔
5۔ کوئی غلطی ہوجانے پر فوراََ معذرت کر کے اور معافی مانگ کر معاملہ ختم کرلیا کریں ۔ غلطی کا اعتراف نہ کرنے کی وجہ سے لوگوں کی نظروں میں خود سر ، بے پرواہ اور سینہ زوری  کرنے والے گردانے جائیں گے ۔
6۔ لوگوں کی باتیں سمجھنے کے لیے سُنیں ، جواب دینے  کے لیے نہیں ۔ کیوں کہ بغیر سمجھے مناسب جواب نہیں دیا جاسکتا۔ اور جلدی میں جواب دینے کے بعد سمجھنے کا کوئی فائدہ  نہیں ہے ۔


نوٹ : مزید باتیں اگلے کالم میں ڈسکس ہوں گیں ان شا ء اللہ ۔

(تحریر :  عبداللہ سیماؔب)

Post a Comment

0 Comments